سلجوقی سلطنت

سلجوقی سلطنت 11ویں صدی عیسوی اور اسے کے بعد مشرق وسطیٰ اور وسط ایشیا میں قائم ایک مسلم بادشاہت تھی جو نسلاً اوغوز ترک تھے۔ مسلم تاریخ میں اسے بہت اہمیت حاصل ہے کیونکہ یہ دولت عباسیہ کے خاتمے کے بعد عالم اسلام کو ایک مرکز پر جمع کرنے والی غالباً آخری سلطنت تھی۔ اس کی سرحدیں ایک جانب چین سے لے کر بحیرۂ متوسط اور دوسری جانب عدن لے کر خوارزم و بخارا تک پھیلی ہوئی تھیں۔ ان کا عہد تاریخ اسلام کا آخری عہد زریں کہلا سکتا ہے اسی لیے سلاجقہ کو مسلم تاریخ میں خاص درجہ و مقام حاصل ہے۔ سلجوقیوں کے زوال کے ساتھ امت مسلمہ میں جس سیاسی انتشار کا آغاز ہوا اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بعض مغربی طاقتوں نے مسلمانوں پر صلیبی جنگیں مسلط کیں اور عالم اسلام کے قلب میں مقدس ترین مقام (بیت المقدس) پر قبضہ کر لیا۔

طغرل بیگ نے اس سلطنت کی بنیاد رکھی۔ اس کے والد کا جلد انتقال ہو گیا جس کے بعد اس کے دادا سلجوق نے اس کی پرورش کی۔ گیارہویں صدی کے اوائل میں طغرل اور اس کے رشتہ دار آل افراسیاب سلطنت کے ہاں خدمات سر انجام دے رہے تھے۔ غزنویوں نے اسے بخارا سے نکال باہر کیا۔ اس دوران طغرل اور اس کے زیادہ تر عزیز آل افراسیاب کے وفادار رہے اگرچہ آپس میں ان کے کچھ اختلافات بھی پیدا ہوئے۔ اس کے باوجود غزنویوں کے خلاف انہوں نے 1032ء میں ہونے والی جنگ میں حصہ لیا۔ تاہم بعد ازاں سلجوقیوں نے وفاداریاں بدل لیں۔ سلجوقیوں نے غزنوی سلطنت کے قریب ہونے کی کوشش کی لیکن پھر اس سے دوری اختیار کر لی اور نوبت جنگ تک آن پہنچی۔

ابتدا میں سلجوقیوں کو محمود غزنوی کے ہاتھوں شکست ہوئی اور وہ خوارزم تک محدود ہو گئے لیکن طغرل اور اس کے بھائی چغری کی زیرقیادت انہوں نے 1028ء اور 1029ء میں مرو اور نیشاپور پر قبضہ کر لیا۔ ان کے جانشینوں نے خراسان اور بلخ میں مزید علاقے فتح کئے اور 1037ء میں غزنی پر حملہ کیا۔ 1039ء میں ایک جنگ میں انہوں نے غزنوی سلطنت کے بادشاہ مسعود اول کو شکست دے دی اور مسعود سلطنت کے تمام مغربی حصے سلجوقیوں کے ہاتھوں گنوا بیٹھا۔ ہندوستان کے مختلف علاقوں میں فتح حاصل کرنے کے باوجود غزنوی سلجوقوں کا مقابلہ نہ کر سکے اور چھوٹے علاقوں تک محدود ہو گئے۔ 1055ء میں طغرل نے بنی بویہ کی سلطنت سے بغداد چھین لیا۔ الپ ارسلان اپنے چچا طغرل بیگ کے بعد سلجوقی سلطنت کے تخت پر بیٹھا اور اس نے 1064ء میں آرمینیا اور جارجیا کو سلطنت میں شامل کر لیا۔

 وہ ایک بہت بیدار مغز اور بہادر حکمران تھا۔ اس کے عہد میں سلجوقی سلطنت کی حدود بہت وسیع ہوئیں۔ پہلے ہرات اور ماورا النہر کو اپنی قلمرو میں شامل کیا۔ پھر فاطمی حکمران کو شکست دے کر مکہ اور مدینہ کو اپنی قلمر و میں شامل کیا۔ اس سے اسلامی دنیا میں سلجوقیوں کا اثر و اقتدار بڑھ گیا۔ بازنطینیوں نے حملہ کیا تو ملازکرد کے مقام پر ان کو عبرتناک شکست دی۔ اور قیصر روم رومانوس چہارم کو گرفتار کر لیا۔ قیصر روم نے نہ صرف تاوان جنگ ادا کیا اور خراج دینے پر رضامند ہوا۔ بلکہ اپنی بیٹی سلطان کے بیٹے سے بیاہ دی اور آرمینیا اور جارجیا کے علاقے اس کو دے دیئے۔ خوارزمی ترکوں کے خلاف ایک مہم میں قیدی بنا کر لائے گئے خوارزمی گورنر یوسف الخوارزمی کی تلوار سے شدید زخمی ہوا اور 1072ء کو محض 42 سال کی عمر میں انتقال کر گیا۔

الپ ارسلان کو مرو میں ان کے والد چغری بیگ کی قبر کے برابر میں دفن کیا گیا۔ الپ ارسلان کے جانشیں ملک شاہ اول اور ان کے دو ایرانی وزرا نظام الملک اور تاج الملک کی زیر قیادت سلجوق سلطنت اپنے عروج پر پہنچ گئی جس کی مشرقی سرحدیں چین اور مغربی سرحدیں بازنطینی سلطنت سے جا ملی تھیں۔ ملک شاہ نے دار الحکومت رے سے اصفہان منتقل کر دیا۔ اس دوران نظام الملک نے بغداد میں جامعہ نظامیہ قائم کی۔ ملک شاہ کے دور حکمرانی کو سلجوقیوں کا سنہرا دور کہا جاتا ہے۔ 1087ء میں عباسی خلیفہ نے ملک شاہ کو ’’سلطان مشرق و مغرب‘‘ کا خطاب کیا۔ ملک شاہ کے دور میں ہی ایران میں حسن بن صباح نے زور پکڑا جس کے فدائین نے نے کئی معروف شخصیات کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ 1092ء میں ملک شاہ اول کی وفات کے بعد اس کے بھائیوں اور بیٹوں کے درمیان اختلافات کے باعث سلطنت تقسیم ہو گئی۔

سلجوقی سلطنت کے سیاسی زوال کے آغاز اور ملک بھر میں پھیلی خانہ جنگی اور طوائف الملوکی سے مسلم امہ کو ایک پرچم تلے اکٹھا کرنے والی آخری قوت کا بھی خاتمہ ہونے لگا تو بعض مغربی طاقتوں نے اسے غنیمت جانا اور بیت المقدس کو مسلمانوں سے لینے کی دیرینہ خواہش کو عملی جامہ پہنانے کا آغاز کیا۔ اس طرح ان جنگوں کا آغاز ہوا جنہیں صلیبی جنگوں کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔ یہ جنگیں طویل عرصہ تک مسلمانوں پر مسلط رہیں۔ ان جنگوں کے آغاز پر یورپ سے بیت المقدس کے راستے میں عیسائیوں کا سب سے اولین ٹکراؤ سلجوقی مسلمانوں کی حکومت سلاجقہ روم سے ہوا۔ سلجوقیوں نے شروع میں مغربی طاقتوں کو بآسانی شکست دی۔ لیکن بعد ازاں ایسا کرنا ممکن نہ رہا۔ مغربی طاقتوں نے پہلی صلیبی جنگ میں بیت المقدس پر قبضہ کر لیا تھا جبکہ اس جنگ سے قبل ہی سلجوق فاطمیوں کے ہاتھوں فلسطین گنوا چکے تھے۔ صلیبیوں اور منگولوں کے حملے سے سلجوقیوں کی رہی سہی طاقت بھی ختم ہو کر رہ گئی اور بالآخر 1260ء کی دہائی میں منگولوں کی اناطولیہ پر چڑھائی کے ساتھ آخری سلجوق سلطنت (سلاجقہ روم) کا بھی خاتمہ ہو گیا۔

محمد شاہد

Leave a comment